ممبئی: بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی فلم 'رئیس' کو ایک مرتبہ پھر دھمکیاں موصول ہونا شروع ہوگئیں۔ یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) کے ساتھ مل کر طے کیا تھا کہ وہ اپنی فلم 'رئیس' کی پروموشن کے لیے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو ہندوستان نہیں بلائیں گے. ساتھ ہی انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ اس فلم کو سکون سے ریلیز ہونے دیا جائے۔
تاہم ہندوستانی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع درگ کے شہر بھلائی کے فلم پروموٹرز (نمائش کنندگان) کو شیو سینا کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونا شروع ہوچکی ہیں۔ انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق اس شہر میں تمام فلم پروموٹرز کو شیو سینا کی جانب سے ایک خط موصول ہوا جس میں دھمکی دی گئی کہ وہ سینما میں فلم 'رئیس' کی نمائش نہ کریں اور اگر ایسا ہوا تو اپنے نقصان کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔
انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے پروموٹر اکشائے راٹھی کا کہنا تھا کہ 'ہم تمام نمائش کنندگان کو یہ خط موصول ہوا ہے، جس میں 'رئیس' پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دیش دروہی کی فلم 'رئیس' کی اسکریننگ نہ کی جائے اور اگر سینما مالکان نے ایسا کیا تو وہ نقصان کے ذمہ دار خود ہوں گے، اس خط پر شیو سینا کے سربراہ راکیش شندے کے دستخط بھی موجود ہیں.
Dear @AUThackeray,
— Akshaye Rathi (@akshayerathi) January 10, 2017
We have received this threat letter from your Chhattisgarh unit against playing @iamsrk's #Raees. Do you endorse it? pic.twitter.com/RHai71yGZV
فلم 'رئیس' میں شاہ رخ خان نے گجراتی گینگسٹر، پاکستان اداکارہ ماہرہ خان نے ان کی اہلیہ اور نوازالدین صدیقی نے پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم رواں ماہ 25 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔