اسلام آباد :بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر نے ایک بار پھر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جو ملکی معیشت میں بہتری اور حکومت پر اوورسیز پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق دسمبر 2025 میں ترسیلاتِ زر کا حجم 3.6 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، جو دسمبر 2024 کے 3.1 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 17 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح نومبر 2025 کے مقابلے میں دسمبر 2025 میں ترسیلاتِ زر میں 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی ترسیلاتِ زر 19.7 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہیں۔ توقع ہے کہ مالی سال 2026 کے اختتام تک مجموعی ترسیلاتِ زر 41 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔
اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 میں سعودی عرب سے سب سے زیادہ 813 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 726 ملین ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔ اسی طرح برطانیہ سے 560 ملین ڈالر اور امریکا سے 302 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔
مشیر وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر دسمبر 2025 میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی ملکی معیشت میں مضبوط شمولیت طویل المدتی معاشی استحکام، پائیدار ترقی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔