اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت دوول کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان حقائق کے منافی اور بھارتی عوام کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، جنہیں عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیت دوول کا بیان ایک منظم بھارتی پروپیگنڈے کا تسلسل ہے جس کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔
افغانستان سے متعلق گفتگو میں ترجمان کا کہنا تھا کہ وہاں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں پاکستان کے لیے "ریڈ لائن" ہیں اور یہی تعاون میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔