کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں ایک روزہ کمی کے بعد دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1100 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 33 ہزار 536 روپے فی تولہ ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 943 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 71 ہزار 687 روپے تک پہنچ گئی۔
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 30 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 462 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 26 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 540 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ میں اضافہ ہوا، جہاں فی اونس سونا 11 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد 4111 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی سامنے آئی تھی۔ عالمی مارکیٹ میں سونا 14 ڈالر کمی کے بعد 4100 ڈالر فی اونس پر آ گیا تھا۔
ملکی صرافہ بازار میں بھی فی تولہ سونا 1400 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 32 ہزار 436 روپے جبکہ 10 گرام سونا 1200 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 70 ہزار 744 روپے کا ہو گیا تھا۔ تاہم چاندی کی قیمت میں گزشتہ روز 11 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد فی تولہ چاندی 6432 روپے کی ہو گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں اور خریداروں کو سونا خریدنے سے پہلے عالمی مارکیٹ کے رجحانات اور مقامی نرخوں کا جائزہ لینا چاہیے، کیونکہ عالمی معاشی صورتحال کے باعث آنے والے دنوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔