Get Alerts

سونے کی قیمت میں مزید اضافہ، فی تولہ سونا 4 لاکھ 24 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا

سونے کی قیمت میں مزید اضافہ، فی تولہ سونا 4 لاکھ 24 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا

کراچی: ملک میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جہاں مقامی اور عالمی مارکیٹ دونوں میں قیمتی دھات کی قیمت مزید بڑھ گئی ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 24 ہزار 536 روپے فی تولہ ہو گئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 258 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 63 ہزار 971 روپے تک پہنچ گئی۔

مقامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ 24 قیراط فی تولہ چاندی 107 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 177 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 91 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 295 روپے ہو گئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا، جہاں فی اونس سونا 3 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 21 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 1.07 ڈالر بڑھ کر 56.98 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

صرافہ مارکیٹ کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا براہ راست اثر مقامی مارکیٹ پر پڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات میں عالمی مارکیٹ میں بڑھتی قیمتیں، ڈالر کی قدر میں تبدیلی، معاشی اور سیاسی غیر یقینی صورتحال جبکہ سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کے لیے سونے کی طرف رجحان شامل ہے۔

ماہرین نے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ سونے کی خریداری یا فروخت سے پہلے عالمی اور مقامی مارکیٹ کے تازہ رجحانات کا جائزہ ضرور لیں، کیونکہ عالمی حالات میں معمولی تبدیلی بھی سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
 
 
 

ٹیگز: