اسلام آباد: پاکستان نے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایل این جی (مائع قدرتی گیس) کا ایک اور اسپاٹ کارگو خرید لیا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے مطابق 15 سے 16 جولائی کو فراہم کیے جانے والے ایل این جی کارگو کے لیے کمپنی کو تین بولیاں موصول ہوئیں۔
پی ایل ایل نے بتایا کہ موصول ہونے والی پیشکشوں میں سے کم ترین قیمت والی بولی کو منظور کر لیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ایل این جی کارگو کے لیے سب سے کم بولی 18.23 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ریکارڈ کی گئی، جسے کامیاب قرار دیا گیا۔
پی ایل ایل کے مطابق دیگر دو بولیاں 18.59 ڈالر اور 18.72 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی تھیں، جو کم ترین بولی کے مقابلے میں زیادہ تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایل این جی کارگوز کی خریداری کا مقصد ملک میں توانائی کی طلب کو پورا کرنے اور گیس کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔