کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 134 رنز کا ہدف دیدیا 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 134 رنز کا ہدف دیدیا 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیک ویدرالڈ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 134 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ 
شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جیک ویدرالڈ نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان 14، فاف ڈوپلیسی 5، سرفراز احمد 2، اعظم خان 26، اینڈرے رسل 13، محمد نواز 4، جیک ویلڈرموتھ 9 اور خرم شہزاد 1 سکور بنا سکے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم جونیئر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 12 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حسن علی اور محمد موسیٰ خان نے بھی 2,2 وکٹیں حاصل کیں، عاکف جاوید اور شاداب خان ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فاف ڈوپلیسی، عثمان خان، جیک ویدرالڈ، محمد اعظم خان، اینڈرے رسل، محمد نواز، جیک ویلڈرموتھ، محمد حسنین، خرم شہزاد اور زاہد محمود شامل ہیں۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو، عثمان خواجہ، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، محمد موسی خان، روحیل نذیر، حسن علی، عاکف جاوید اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔