لندن : پاکستانی نژاد برطانوی سیاستدان اور لندن کے میئر صادق خان کو برطانیہ کے بادشاہ چارلس کی جانب سے نائٹ ہُڈ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ بکھنگم پیلس میں ہونے والی ایک پروقار تقریب میں بادشاہ چارلس نے انہیں یہ اعزاز دیا۔
صادق خان نے اعزاز حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے اس بات پر بے حد فخر ہے۔ یہ میرے لیے ایک اعزاز ہے کہ میں ایک کونسل کے چھوٹے سے گھر میں پلا بڑھا اور آج اس مقام تک پہنچا ہوں۔"
صادق خان نے مزید کہا "لندن میں اگر محنت کی جائے تو یہاں کے وعدے سچے ثابت ہوتے ہیں — آپ کو موقع ملتا ہے اور آپ وہ سب کچھ حاصل کر سکتے ہیں جس کا آپ خواب دیکھتے ہیں۔"
صادق خان 2016 سے لندن کے میئر کے عہدے پر فائز ہیں اور حال ہی میں تیسری بار اس منصب کے لیے منتخب ہو کر لندن کے پہلے شخص بن چکے ہیں جو مسلسل تین بار میئر بنے ہیں۔
صادق خان 8 اکتوبر 1970 کو لندن میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد پاکستان سے ہجرت کر کے برطانیہ آئے تھے اور لندن میں بس ڈرائیور کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔ صادق خان نے یونیورسٹی آف نارتھ لندن سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور 1994 میں سالیسٹر بنے۔ وہ انسانی حقوق کے مقدمات میں خاص شہرت رکھتے ہیں۔
صادق خان نے اپنا سیاسی سفر 1990 کی دہائی میں لیبر پارٹی کے پلیٹ فارم سے بطور کونسلر شروع کیا۔ 2005 میں وہ دارالعوام کے رکن منتخب ہوئے۔ بعد ازاں انہیں مختلف حکومتی ذمہ داریاں سونپی گئیں، جن میں کمیونٹیز کے انڈر سیکرٹری اور وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔
2016 میں انہوں نے لندن کے میئر کا انتخاب لڑا، جہاں ان کا مقابلہ زیک گولڈ اسمتھ سے تھا، جو کہ پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کے بھائی ہیں۔ صادق خان نے انہیں شکست دے کر لندن کے پہلے مسلمان میئر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔