اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کے مختلف ذیلی اداروں کے درمیان بہتر تعاون اور ہم آہنگی بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تمام اداروں کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ انہوں نے انفارمیشن اور ڈیٹا کے بروقت تبادلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون وقت کی ضرورت ہے اور تمام ادارے مل کر کام کریں۔
وزیر داخلہ نے خاص طور پر کہا کہ بیرون ملک سفارت خانوں میں تعینات افسران بھی وزارت کے دیگر اداروں کو معاونت فراہم کر سکتے ہیں، اس لیے تمام اداروں کی افرادی قوت کا مکمل استعمال ضروری ہے۔ محسن نقوی نے یہ بھی ہدایت دی کہ تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے افسران کو شامل کیا جائے تاکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری آئے۔
انہوں نے تمام اداروں سے کہا کہ اپنی سفارشات جلد از جلد پیش کریں تاکہ سیکرٹری داخلہ ایک جامع پلان ترتیب دے سکیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بہتر کوآرڈینیشن نہ صرف عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی بلکہ حکومتی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ، اور مختلف اداروں جیسے نادرا، ایف آئی اے، فرنٹیئر کور، رینجرز، نیشنل پولیس اکیڈمی، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور اسلام آباد پولیس کے سربراہان نے شرکت کی۔