Get Alerts

وفاقی بجٹ : شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کردی گئی

وفاقی بجٹ : شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کردی گئی

اسلام آباد  :  وفاقی حکومت نے بجٹ 2025-26 میں پنشن اسکیم میں اہم اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے شریک حیات کے انتقال کے بعد ملنے والی فیملی پنشن کی مدت صرف 10 سال تک محدود کر دی ہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پنشن کے نظام کو پائیدار بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل شروع کر چکی ہے۔ ان کے مطابق، قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی حوصلہ شکنی کی جائے گی تاکہ سرکاری وسائل پر بوجھ کم کیا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ پنشن میں سالانہ اضافہ اب کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پنشن میں اضافہ مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے گا۔

اصلاحات  کے مطابق  ایک سے زائد پنشن کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت کی صورت میں پنشن یا تنخواہ میں سے صرف ایک کا انتخاب کرنا ہو گا اور  سرکاری ڈھانچے میں تبدیلیاں، 40 ہزار پوسٹیں ختم کردی جائیں گی۔
وزیر خزانہ نے ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے بتایا کہ حکومت نے 10 وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کی منظوری دے دی ہے، جب کہ 6 ڈویژنز کو ضم کر کے 3 بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 45 سرکاری اداروں اور کمپنیوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے، ضم کرنے یا بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اخراجات کم کرنے کے لیے 40 ہزار سرکاری پوسٹیں ختم کر دی گئی ہیں، جب کہ آئندہ مرحلے میں مزید 10 وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کی سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے حکومتی اخراجات میں کمی آئے گی اور پنشن سسٹم زیادہ مستحکم ہو گا، تاہم فیملی پنشن کی مدت محدود ہونے سے متاثرہ خاندانوں پر مالی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ بعض عوامی حلقوں نے اس فیصلے کو بیواؤں اور بزرگوں کے لیے تشویش ناک قرار دیا ہے۔

ٹیگز: