اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اقتصادی سروے پیش کر دیا ہے، جس کے مطابق ملکی معیشت کا حجم 452 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔
سروے کے مطابق رواں مالی سال شرح نمو 3.7 فیصد رہی، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال نہ ہوتی تو گروتھ 4 فیصد سے زائد رہنے کا امکان تھا۔
اقتصادی دستاویز کے مطابق زرعی شعبے کی عبوری کارکردگی 2.89 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈیری اور لائیوسٹاک کا زرعی معیشت میں 60 فیصد حصہ بتایا گیا ہے۔ فی کس سالانہ آمدن 5 لاکھ 33 ہزار 629 روپے ریکارڈ کی گئی۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح 6.1 فیصد رہی، جبکہ پٹرولیم سیکٹر میں 5 فیصد گروتھ ریکارڈ ہوئی۔ خدمات کے شعبے کی کارکردگی 4.09 فیصد رہی۔
ترسیلات زر میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور 11 ماہ کے دوران یہ 38 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ مالی سال کے اختتام تک 41 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اقتصادی سروے کے مطابق فوڈ، ٹیکسٹائل سمیت 16 شعبوں میں مثبت رجحان دیکھا گیا، جبکہ سیمنٹ کی طلب میں 10فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔