ابوظہبی: کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آ گئی ہے، کیونکہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ممکنہ شیڈول اور ابتدائی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ عالمی ٹورنامنٹ 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک کھیلے جانے کا امکان ہے، جس میں مجموعی طور پر 54 میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ اس ایونٹ کا مرکزی میزبان ہوگا، جہاں 8 مختلف وینیوز پر 41 میچز منعقد کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ زمبابوے میں 8 سے 10 میچز کی میزبانی متوقع ہے جبکہ نمیبیا کو بھی تقریباً 3 میچز دینے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں 7،7 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ گروپ مرحلے کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل تک مقابلے مزید سنسنی خیز ہو جائیں گے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس مجوزہ شیڈول پر مئی میں احمد آباد میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے دوران ابتدائی اتفاق کیا جا چکا ہے، جبکہ فارمیٹ اور دیگر تفصیلات کی حتمی منظوری جولائی میں ہونے والی آئی سی سی سالانہ اجلاس میں متوقع ہے۔