اسلام آباد : ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد قومی فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا انتہائی شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا، ایئرپورٹ کی فضا "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی۔
جیسے ہی قومی ہیروز لاؤنج سے باہر آئے، وہاں موجود فٹبال فینز، حکام اور کھلاڑیوں کے اہلخانہ نے ان پر گل پاشی کی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر مداحوں کا جوش و خروش دیدنی تھا جو اپنے ہیروز کے ساتھ سلفیاں بناتے اور انہیں داد دیتے رہے۔ پاکستان نے 74 سال کے طویل عرصے کے بعد کسی بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان آخری بار 1962 میں "مردیکا کپ" کے فائنل میں پہنچا تھا۔
فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے روایتی حریف افغانستان کو 0-2 سے عبرتناک شکست دے کر ڈائمنڈ جوبلی ٹرافی اپنے نام کی۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانی اسکواڈ نے فیلڈ پر بہترین حکمت عملی اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ٹرافی اٹھائی۔
قومی ٹیم کے کپتان اور مینجمنٹ نے اس تاریخی فتح کو پوری قوم کے نام کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ کامیابی پاکستان میں فٹبال کے ایک نئے اور روشن دور کا آغاز ثابت ہوگی۔