لاہور :پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔چیئرمین پی سی بی نے قومی ہاکی ٹیم کو آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے اسے پاکستانی ہاکی کے لیے ایک "نیک شگون" قرار دیا۔
ملاقات کے دوران کھلاڑیوں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے محسن نقوی نے درج ذیل اہم اقدامات کا اعلان کیا۔وہ کھلاڑی جو اس وقت بے روزگار ہیں، انہیں معاشی استحکام دینے کے لیے پی سی بی روزگار فراہم کرنے کے اقدامات کرے گا۔تمام زخمی ہاکی کھلاڑیوں کے طبی اخراجات اب پاکستان کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا۔ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی فٹنس اور میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہاکی کے کھیل کو دوبارہ عروج پر پہنچانے کے لیے اسکول کی سطح سے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے گا۔ پی سی بی کے حکام، بشمول سی او او سمیر احمد، نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بورڈ قومی کھیل کی سرپرستی جاری رکھے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاکہ ہماری سپورٹ ہمیشہ قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ رہے گی تاکہ وہ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کا نام روشن کر سکیںقومی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے مشکل وقت میں ٹیم کا ساتھ دینے اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے پر پی سی بی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔