Get Alerts

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا عالمی دن عقیدت، محبت اور احترام سے منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا عالمی دن عقیدت، محبت اور احترام سے منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: ماں… ایک ایسا بے مثال رشتہ، جو خلوص، قربانی، محبت اور بے لوثی کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔ آج پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ماؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے تاکہ اس عظیم ہستی کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے، جس کی دعائیں زندگی کا سب سے بڑا سائبان ہوتی ہیں۔

ماں، وہ ہستی ہے جس کی گود دنیا کی سب سے پہلی درسگاہ ہے، جو راتوں کی نیند اور دن کا سکون قربان کرکے اپنی اولاد کی پرورش کرتی ہے۔ ماں کی محبت وہ روشنی ہے جو اندھیروں میں بھی راہ دکھاتی ہے، اور اس کا وجود وہ سائے دار شجر ہے جو تپتے سورج میں پناہ دیتا ہے۔

ماؤں کے عالمی دن کا آغاز 1911ء میں امریکا کی ایک ریاست سے ہوا تھا، جس کے بعد دنیا کے مختلف ممالک میں یہ دن منایا جانے لگا۔ پاکستان، اٹلی اور کئی دیگر ممالک میں یہ دن مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد ماں کے بے مثال رشتے کی عظمت کو اجاگر کرنا اور ان کی خدمات کو سراہنا ہے۔ آج کے دن بچوں کی جانب سے ماؤں کو تحائف، محبت بھرے پیغامات اور دعاؤں کے ذریعے خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ماں کا مقام کسی ایک دن کا محتاج نہیں، اس کی عظمت کو ہر لمحہ سلام پیش کرنا چاہیے۔

معاشرے میں وہ مائیں بھی موجود ہیں جو نہ صرف گھر کے معاملات سنبھالتی ہیں بلکہ باپ کے شانہ بشانہ کام کرکے بچوں کا مستقبل سنوارنے میں مصروف ہیں۔ ان کی جدوجہد، قربانیاں اور حوصلے قابلِ تقلید ہیں۔

افسوس کے ساتھ یہ حقیقت بھی ہمارے سامنے ہے کہ پاکستان میں اولڈ ہومز کی تعداد بڑھ رہی ہے، جہاں وہ مائیں رہتی ہیں جنہوں نے اپنی ساری زندگی بچوں کی پرورش میں گزار دی، مگر بڑھاپے میں تنہائی اور بے رخی ان کا مقدر بنی۔ ایسے مناظر اس دن ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ کیا ہم واقعی ماں کی عظمت کا حق ادا کر رہے ہیں؟

آج کا دن صرف ایک جشن نہیں، ایک لمحۂ فکریہ بھی ہے—ماں کی محبت کا جواب صرف محبت ہے، اور اس رشتے کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی ماؤں کے ساتھ ہمیشہ عزت، محبت اور خدمت کا سلوک روا رکھیں۔

ٹیگز: