لندن: برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی دیرپا ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت میں امریکا، سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک نے اہم کردار ادا کیا ہے، جس پر پاکستان ان کا مشکور ہے۔
اپنے بیان میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانے میں امریکا نے بہترین سفارتی کردار ادا کیا، اور دیگر ممالک کی کوششیں بھی قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جنگ نہیں، بلکہ امن کا خواہاں ہے، اور خطے میں استحکام کے لیے تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
پہلگام واقعے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ جو بھی اس واقعے میں ملوث ہے، اسے سزا ضرور ملنی چاہیے، لیکن بھارت کو ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔ یہ ممکن نہیں کہ بھارت خود مدعی، جج اور جلاد بن کر کارروائیاں کرے۔
ڈاکٹر فیصل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ تنازع کو بھارت نے خود مزید پیچیدہ بنایا ہے۔ اگر بھارت بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے تو مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔