واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے امریکا-چین مذاکرات کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں واضح بہتری آئی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ میں چینی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقات نہایت خوشگوار اور نتیجہ خیز رہی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کی مارکیٹ کو امریکی کاروباری اداروں کے لیے کھولا جانا چاہیے، کیونکہ یہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ بات چیت میں معاشی تعاون، تجارتی رکاوٹیں کم کرنے، اور اعتماد کی فضا کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے کہ تجارتی تعلقات مساوی بنیادوں پر استوار ہوں۔
خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔ اپریل میں امریکا نے چینی مصنوعات پر 145 فیصد اضافی ٹیرف لگا دیا تھا، جس کے ردعمل میں چین نے بھی امریکی اشیا پر محصولات کو 125 فیصد تک بڑھا دیا تھا۔