لاہور : پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے بعد پنجاب حکومت نے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن اتھارٹی نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس کے مطابق پیر 12 مئی سے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق تمام اضلاع اور تعلیمی سطحوں پر ہوگا، اور اسکولوں کو اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ ہائر ایجوکیشن نے بھی صوبے بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 12 مئی سے نہ صرف اعلیٰ تعلیمی ادارے کھل جائیں گے بلکہ تمام تعلیمی بورڈز انٹرمیڈیٹ امتحانات کا سلسلہ بھی دوبارہ شروع کریں گے۔
ترجمان کے مطابق، پہلے سے جاری سالانہ امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے، جبکہ گزشتہ ہفتے منسوخ ہونے والے دو پرچوں کے لیے نئی ڈیٹ شیٹ جلد جاری کر دی جائے گی۔صوبائی حکام نے تعلیمی اداروں سے کہا ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اور نظم و ضبط کو ہر حال میں یقینی بنائیں، تاکہ تدریسی عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھا جا سکے۔