لاہور : پنجاب کے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹیفکیشن جعلی ہے، اور صوبے بھر کے تمام سکول، کالجز، یونیورسٹیز اور میڈیکل کالجز آج جمعرات کو معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک جعلی نوٹیفکیشن کے ذریعے 10 مئی تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کی افواہ پھیلائی گئی، جس میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام میٹرک کے عملی امتحانات اور انٹرمیڈیٹ کے پرچے شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔
سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب، ڈاکٹر فرخ نوید نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ تمام کالجز اور یونیورسٹیاں معمول کے مطابق کام کریں گی اور تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی تعطل کے جاری رہیں گی۔ محکمہ صحت پنجاب نے بھی اعلان کیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجز آج کھلے رہیں گے، اور وہاں بھی تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں جعلی نوٹیفکیشن شیئر کرتے ہوئے عوام کو آگاہ کیا کہ اس قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے باوجود سکولز کی چھٹیوں میں اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور صورتحال کے مطابق ہی کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔ حکام نے والدین، اساتذہ اور طلبا سے اپیل کی ہے کہ وہ تصدیق شدہ معلومات پر ہی یقین کریں اور سوشل میڈیا پر چلنے والی غیر مصدقہ خبروں سے گمراہ نہ ہوں۔