کیلیفورنیا :واٹس ایپ میں جلد ایک نیا اور کارآمد فیچر متعارف ہونے جا رہا ہے جس کا مقصد صارفین کو وقت کی بچت اور ضروری معلومات تک تیزی سے رسائی دینا ہے۔
ٹیک ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق، میٹا واٹس ایپ میں ایک نیا ٹول متعارف کرا رہا ہے جو گروپ چیٹس، چینلز اور انفرادی گفتگوؤں کے پیغامات کی مختصر سمری فراہم کرے گا۔
یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ہوگا جو روزانہ کی بنیاد پر درجنوں گروپس اور چینلز کے میسجز سے نمٹتے ہیں اور اکثر اہم پیغامات نظر انداز کر بیٹھتے ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، یہ سہولت میٹا اے آئی کی مدد سے فراہم کی جائے گی اور صارف کو ایسے وقت میں دستیاب ہوگی جب اس کے پاس کئی "ان ریڈ" میسجز ہوں گے۔ ایک سمری بٹن نمایاں ہوگا، جس پر کلک کرنے پر تمام اہم نکات کا خلاصہ فراہم کر دیا جائے گا۔
فی الحال یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں آزمائش کے مراحل میں ہے، اور ابھی اس کی باقاعدہ لانچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس فیچر میں صارفین کی پرائیویسی کا خاص خیال رکھا جائے گا، اور تمام چیٹس بدستور اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ رہیں گی۔ البتہ، یہ سہولت ان چیٹس میں دستیاب نہیں ہوگی جن میں ایڈوانسڈ پرائیویسی سیٹنگز فعال ہوں گی۔
یہ نیا فیچر صارفین کے لیے واٹس ایپ کے روزمرہ استعمال کو کہیں زیادہ آسان اور مؤثر بنا سکتا ہے۔