کیلیفورنیا : واٹس ایپ نے اپنے گروپ چیٹس کے استعمال کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس سے صارفین کے لیے گروپ میں ہر فرد کو بیک وقت ٹیگ کرنا ممکن ہو جائے گا۔ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، یہ فیچر اس وقت اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کا مقصد گروپ چیٹس میں @all کا استعمال کر کے ہر ممبر کو بیک وقت نوٹیفیکیشن بھیجنا ہے، جس سے گروپ کے تمام اراکین کو پیغام پہنچانا آسان ہو جائے گا۔ پہلے صارفین کو ہر فرد کا نام انفرادی طور پر مینشن کرنا پڑتا تھا، جو وقت طلب اور تھوڑا پیچیدہ بھی ہو سکتا تھا، خاص طور پر بڑی گروپ چیٹس میں۔
اب، @all کا استعمال کرتے ہوئے گروپ کے ہر فرد کو نوٹیفکیشن ملے گا، چاہے کسی نے گروپ کو میوٹ کیا ہو یا نہ۔ یہ فیچر خاص طور پر بڑے گروپوں اور کمیونٹی چیٹس میں بہت مددگار ثابت ہو گا، جہاں اہم اپ ڈیٹس کو بیک وقت تمام اراکین تک پہنچانا ضروری ہوتا ہے۔
اس فیچر کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ یہ صرف گروپ ایڈمن تک محدود نہیں ہوگا، بلکہ گروپ کے تمام اراکین اس فیچر کو استعمال کر سکیں گے۔ ایک اور دلچسپ فیچر کی آزمائش بھی کی جا رہی ہے جس کے تحت صارفین @all مینشنز کو میوٹ کر سکیں گے، تاکہ اگر کسی نے گروپ کو میوٹ کر رکھا ہو تو بھی وہ @all کے ذریعے آنے والے نوٹیفیکیشنز کو بند کر سکے۔
فی الحال یہ فیچر واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں دستیاب ہے، اور اس کی دستیابی کی تاریخ ابھی تک واضح نہیں ہے، لیکن یہ جلد ہی تمام صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔