Get Alerts

طالبان حکومت کا پاکستان اور چین کے ساتھ تعمیری تعلقات کا مطالبہ

طالبان حکومت کا پاکستان اور چین کے ساتھ تعمیری تعلقات کا مطالبہ

اسلام آباد :افغان وزارت داخلہ نے پاکستان اور چین کے ساتھ باہمی احترام اور مثبت روابط کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا جب کابل میں افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے پاکستان اور چین کے خصوصی ایلچیوں نے ملاقات کی۔

وزارت کے اعلامیے کے مطابق، افغان وزیر داخلہ نے علاقائی ہم آہنگی، اقتصادی تعاون، اور سیاسی روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طالبان حکومت تعمیری بنیادوں پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتی ہے۔

یہ ملاقات سہ فریقی مذاکراتی عمل کا تسلسل ہے، جس کا آغاز 2017 میں ہوا تھا۔ ملاقات میں طے پایا کہ وزرائے خارجہ کا آئندہ، یعنی چھٹا سہ فریقی اجلاس کابل میں منعقد ہوگا۔

دوسری جانب پاکستانی سفیر نے ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ یہ ملاقات اسلام آباد میں ہونے والے پچھلے اجلاس کی پیش رفت کے تناظر میں ہوئی، اور اس کا مقصد سیاسی و معاشی تعاون کو وسعت دینا ہے۔

افغان وزیر خارجہ سے ملاقات
اس موقع پر افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بھی دونوں ممالک کے وفود سے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں پانچویں سہ فریقی وزارتی اجلاس کے نکات پر عملدرآمد اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا۔

پچھلے اجلاس میں افغانستان کی سرزمین سے کسی بھی دہشتگرد تنظیم کو خطے کے امن کو نقصان پہنچانے سے روکنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔

تجارتی روابط پر بات چیت
خصوصی ایلچیوں نے افغان وزیر تجارت نورالدین عزیزی سے بھی ملاقات کی جس میں تینوں ممالک کے درمیان تجارتی، سرمایہ کاری، اور صنعتی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں صنعتی زونز، برآمدی مراکز، تجارتی میلوں اور بینکنگ تعلقات جیسے شعبوں پر پیش رفت پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر تجارت نے کہا کہ اسلامی امارت کی پالیسی معیشت پر مرکوز ہے اور وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتی ہے۔

ٹیگز: