کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے امریکی ویزا کے حصول کے لیے جعلی میڈیکل دستاویزات تیار کرنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان کی شناخت محمد توصیف خان اور عمران نذیر سلہری کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں امریکی قونصل خانے کی شکایت پر قونصل خانے کے دفتر کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے طبی بنیادوں پر ویزا حاصل کرنے کی غرض سے جعلی میڈیکل رپورٹس تیار کروائیں۔ اس مقصد کے لیے ملزمان مختلف ایجنٹوں کے ساتھ رابطے میں تھے۔ محمد توصیف نے ایجنٹ عقیل کے ساتھ 10 لاکھ روپے میں ویزا کے انتظامات طے کیے جبکہ عمران نذیر نے ایجنٹ تبسم ضیا کو 25 لاکھ روپے ادا کرنے کا معاہدہ کیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر ملوث ایجنٹوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور معاملے کی گہرائی سے تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکی قونصل خانے کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی، جو نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ ملکی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔