Get Alerts

ایف آئی اے کا بڑا آپریشن، جعلی دستاویزات بنانے والے نیٹ ورک کے 4 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے کا بڑا آپریشن، جعلی دستاویزات بنانے والے نیٹ ورک کے 4 ملزمان گرفتار

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کراچی زون نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کے لیے مبینہ طور پر جعلی شناختی دستاویزات تیار کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی ہے۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا کے 3 ملازمین سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد، چوکیدار جنید احمد اور نجی ایجنٹ محمد عمر شاہ شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ملزمان کے مبینہ طور پر جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، ریکارڈ میں ردوبدل اور غیر قانونی سہولت کاری میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق نیٹ ورک کے ممکنہ روابط اور دیگر پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ اور شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں، جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ تحقیقات کے دوران مزید گرفتاریاں اور اہم انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔

ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ قومی سلامتی، جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا اور منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

ٹیگز: