اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نوازشریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کی وفات پر اُن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ "اپنے انتہائی مخلص، بااعتماد اور بھائی عرفان صدیقی کی وفات ایک بڑا دکھ ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "عرفان صدیقی کا قلم ہمیشہ اصول اور حریت فکر کی دلیل بنا رہا۔" نواز شریف نے کہا کہ ان کا عرفان صدیقی سے محبت کا رشتہ تھا، اور ان کے انتقال کا غم الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
نوازشریف نے مزید کہا کہ "ان کی وفات ایک عزیز ترین بھائی کا بچھڑ جانا ہے، جس کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکے گی۔" انہوں نے عرفان صدیقی کو ایک منفرد لکھاری، عاجز مزاج اور روشن دماغ شخصیت قرار دیا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے۔ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ سینیٹر عرفان صدیقی مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر تھے اور نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔