پاکستان کرکٹ سٹیڈیمز کی رونقیں بحال ،کونسی بڑی ٹیم آرہی ہے ؟

پاکستان کرکٹ سٹیڈیمز کی رونقیں بحال ،کونسی بڑی ٹیم آرہی ہے ؟

لاہور :پی سی بی نے زمبابوے کیخلاف سیریز کا شیڈول جا ری کر دیا ،ابتدائی طور پر میچز ملتان میں شیڈول تھے تاہم لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر انہیں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز راولپنڈی سے کرے گا، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ تینوں میچز ابتدائی طور پر ملتان میں شیڈول تھے تاہم لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر انہیں راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں شیڈول تینوں ٹی ٹونٹی میچز کی میزبانی اب لاہور کے سپرد کردی گئی ہے، یہ میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کے سبب ملتان کا وینیو دستیاب نہیں تھا، لہٰذا ہم نے سیریز کے شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیا اور ایک ایسا شیڈول ترتیب دیا ہے جو دونوں ٹیموں، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کے لیے موزوں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نومبر میں لاہور شہر میں متوقع سموگ کی صورتحال سے متعلق محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور اگر اس دوران کسی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس پر غور کیا جائے گا۔ذاکر خان نے کہا کہ راولپنڈی کی دستیابی سے واضح ہوتا ہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کے میچوں کے انعقاد سے متعلق کوئی غیر یقینی نہیں اور پاکستان کوشش کرے گا وہ لیگ کا فاتحانہ آغاز کرکے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرسکے۔اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم نے آخری بار 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔