ملک بھر میں تعلیمی ادارے 100 فیصد حاضری کیساتھ کھل گئے  

Educational institutions across the country opened with 100% attendance
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 100 فیصد حاضری کے ساتھ دوبارہ کھول دیئے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق بارہ سال اور اس سے زائد عمر کے تمام طلبہ کے لئے کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہے۔ بارہ سے اٹھارہ سال تک کی عمر کے افراد کے لئے موبائل ویکسی نیشن ٹیموں اور تمام کورونا ویکسی نیشن مراکز پر صرف فائزر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

ماسک لگانے، ہاتھ دھونے، درجہ حرارت کا جائزہ لینے سمیت کورونا وائرس سے بچائو کے تمام قواعد و ضوابط پر کسی رعایت کے بغیر عملدرآمد کیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم کی ٹیموں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے سکولوں کا دورہ کریں۔

ادھر محکمہ صحت حکام کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اگر کسی بچے کو بخار یا کھانسی کی شکایت ہو تو اسے سکول نہ بھیجا جائے۔ طبعیت زیادہ خراب ہو تو فوری طور ٹیسٹ کروا کے اس کی رپورٹ سکول انتظامیہ کو فراہم کی جائے۔

کسی بھی بچے کو بغیر ٹمپریچر چیک کئے سکولوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، بچے جھولوں پر تفریح نہیں کر سکیں گے جبکہ ہات ملانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔