پشاور:پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہم اپنے شہداء کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردوں کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جڑیں بہت گہری ہیں اور صرف عسکری طاقت کے ذریعے اسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
سلمان اکرم راجہ نے سوال اٹھایا کہ جنگ و جدل کا یہ سلسلہ کب ختم ہوگا۔ انہوں نے افغانستان کے ساتھ تعلقات پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے یہ تعلقات خراب کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل کی پریس کانفرنس کا لفظ بہ لفظ جواب نہیں دیا جائے گا، تاہم قوم پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔ الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’آپ نے الیکشن لوٹا، اب رک جائے۔‘‘
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ملک کو معاشی مسائل کا سامنا ہے اور صوبائی حکومت کی تبدیلی ایک نئی شروعات ہے۔ انہوں نے گورنر راج نافذ کرنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ہمیں بلاوجہ الزام نہ دیا جائے۔
دہشت گردوں کو دوبارہ آباد کرنے کے منصوبے سے انکار کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جو سرحد پار سے آ رہے ہیں، ان کے حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے عوامی نمائندوں سے مشورے کے بعد کیے جائیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی خطہ ایسا نہیں جہاں بات چیت نہیں ہوتی، اس لیے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔