Get Alerts

لاہور میں پاکستان کے سب سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی منظوری

لاہور میں پاکستان کے سب سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی منظوری

لاہور: لاہور میں پاکستان کے سب سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کا مقصد شہر کے سیوریج پانی کو صاف کر کے ماحول دوست طریقے سے دریائے راوی میں چھوڑنا ہے۔

بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی منظوری سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDWP) نے دی ہے۔ منصوبہ فرانسیسی مالیاتی ادارے "اے ایف ڈی" (AFD) کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا، جس کا کل تخمینہ 52 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں کینٹ ڈرین، ملتان روڈ اور گلشن راوی کے علاقوں سے آنے والا سیوریج پانی صاف کیا جائے گا۔
اس مرحلے میں یومیہ 88 ملین گیلن پانی ٹریٹ کیا جائے گا،جبکہ منصوبے کی کل یومیہ استعداد 198 ملین گیلن ہو گی۔محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق، بابو صابو کے مقام پر 1992-93 میں 836 ایکڑ اراضی اس منصوبے کے لیے حاصل کی گئی تھی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ساڑھے چار سال میں مکمل کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق، لاہور کے مکمل سیوریج سسٹم کو ماحولیاتی اصولوں کے تحت ٹریٹ کرنے کے لیے مجموعی طور پر 6 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس درکار ہوں گے۔ بابو صابو پلانٹ اس سلسلے کی پہلی اور سب سے بڑی کڑی ہے۔

ماحولیاتی ماہرین اور اربن پلاننگ کے حلقوں نے اس اقدام کو آلودگی کے خاتمے، زیر زمین پانی کی حفاظت، اور دریائے راوی کی بحالی کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔

ٹیگز: