اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اپنے تمام سرکاری ملازمین کے لیے ہاؤس رینٹ الاؤنس میں 85 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اضافہ گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام ملازمین کے لیے ہوگا، چاہے وہ مستقل ہوں یا کنٹریکٹ پر۔
وزارت خزانہ نے اس تجویز کی منظوری دے دی ہے، جسے جلد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ نئے الاؤنس کا تعین اب ملازمین کی موجودہ بنیادی تنخواہ کے مطابق کیا جائے گا، جب کہ اس سے قبل یہ 2008 کے پے اسکیل کی بنیاد پر دیا جاتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے مہنگائی اور بڑھتے کرایوں کے سبب مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے سرکاری ملازمین کو اہم ریلیف ملے گا۔ حکومتی حلقوں کے مطابق، یہ پالیسی گزشتہ کئی برسوں میں ہاؤس رینٹ الاؤنس میں سب سے بڑا اضافہ ہے، جس کا مقصد ملازمین کے مالی دباؤ میں کمی لانا ہے۔
کابینہ کی منظوری کے بعد یہ فیصلہ فوراً نافذ کیا جائے گا، جس کے بعد سرکاری ملازمین کی مالی حالت میں واضح بہتری دیکھنے کو ملے گی۔