Get Alerts

ایف بی آر کا شادیوں پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ

ایف بی آر کا شادیوں پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں شادیوں پر ودہولڈنگ ٹیکس میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق، گزشتہ مالی سال میں شادیوں پر ودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی میں 19 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا۔

دستاویزات کے مطابق، مالی سال 2025 میں شادیوں سے ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی 2 ارب 2 کروڑ روپے رہی، جب کہ گزشتہ مالی سال میں یہ وصولی 1 ارب 70 کروڑ روپے تھی۔ ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی میں 50 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا، اور اس اضافے کی بڑی وجہ سخت نگرانی اور نئے اقدامات ہیں۔

کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے شادی ہالز، مارکیز اور ہوٹلوں سے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، ریسٹورنٹس، کلبز اور کمیونٹی سینٹرز میں ہونے والی تقریبات پر بھی ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کھانے پینے، سجاوٹ اور دیگر متعلقہ خدمات کی ادائیگیاں بھی اس ٹیکس میں شامل کی گئی ہیں۔

دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جو افراد ایکٹیو ٹیکس لسٹ میں شامل ہیں، ان پر 10 فیصد ٹیکس عائد کیا جاتا ہے، جبکہ نان فائلرز پر شادیوں پر 20 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لاگو ہے۔

ایف بی آر کے مطابق، ٹیکس فائلرز کی سالانہ ٹیکس ذمہ داری کے ساتھ اس ٹیکس کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔ اس سخت ٹیکس وصولی کا مقصد غیر دستاویزی شعبوں کو ریگولرائز کرنا اور انہیں ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔
 
 

ٹیگز: