لاہور، راولپنڈی اور ملتان 9،10 محرم کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

لاہور، راولپنڈی اور ملتان 9،10 محرم کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ
کیپشن: فوٹو: فائل

اسلام آباد :محرم الحرام کے دوران کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے 9 اور 10 محرم الحرام کو لاہور ، راولپنڈی اور ملتان میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں محکمہ داخلہ نے وفاقی حکومت کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد 9 اور 10 محرم الحرام کو مذکورہ شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔رویت ہلال کمیٹی کے مطابق یکم محرم الحرام 12 ستمبر بروز بدھ ہوگی جبکہ عاشورہ محرم 21 ستمبر بروز جمعہ ہوگی۔ محرم الحرام کی آمد پر امن وامان کی صورتحال کو برقراررکھنے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے فوج اور رینجرز کو طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جبکہ لاہور پولیس نے نویں اور دسویں محرم پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے محرم الحرام کے لیے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے لئے ریکوزیشن اسلام ا?باد بھجوا دی گئی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام حساس اضلاع میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے رینجرز تعینات ہوگی۔ دوسری جانب محرم الحرام کی سکیورٹی کے حوالے سے لاہور پولیس کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔