افغانستان: طالبان کے متعدد دہشت گرد حملے، 56 افراد ہلاک

افغانستان: طالبان کے متعدد دہشت گرد حملے، 56 افراد ہلاک
کیپشن: image by facebook

کابل: افغانستان میں طالبان نے متعدد دہشت گرد حملے کیے جس کے باعث 56 افراد ہلاک ہوئے جبکہ عسکریت پسندوں نے مختلف علاقوں پر قبضہ بھی کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق طالبان نے افغان صوبے قندوز، جوزجان اور سرے پل پر دہشت گرد حملے کیے جس کے باعث تقریباً 56 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شدت پسندوں نے صوبہ قندوز، سرے پل اور جوزجان میں تازہ حملے کیے اور فوجی چھاؤنیوں سمیت مختلف علاقوں پر قبضہ بھی کرلیا۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ حملوں کے نتیجے میں درجنوں سیکیورٹی اہلکاروں کے اغوا ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، حکام نے ان حملوں کو شدید ترین قرار دیا ہے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ جوابی کارروائیوں میں متعدد طالبان جنگجو بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز طالبان جنگجوؤں نے افغانستان کے صوبے بغلان میں فوجی اور پولیس چوکیوں پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 30 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل افغانستان میں شدت پسندوں کی جانب سے دو دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے ، یاد رہے کہ گذشتہ ماہ افغان صوبے فریاب میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں مبینہ طور پر 73 طالبان ہلاک جبکہ 31 زخمی ہوئے تھے۔