Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ

 وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ ہو گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، وزیراعظم کا یہ دورہ اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی، قطری شاہی خاندان اور عوام سے یکجہتی کے لیے کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف قطری امیر سے ملاقات کریں گے، جس میں اسرائیل کی بلاجواز جارحیت، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے تبادلہ خیال ہوگا۔ ملاقات میں خطے کے مختلف ممالک پر اسرائیلی حملوں کے خلاف تعاون اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ قطر اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر قائم ہیں۔

ٹیگز: