اسلام آباد : پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے منشیات کے خلاف جنگ میں مشترکہ کارروائیوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس ضمن میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان نے ملاقات کی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان انسداد منشیات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیر محسن نقوی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے خصوصی نمائندے مقرر کیے گئے۔ پاکستان کی جانب سے ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) میجر جنرل عبدالمعید جبکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے بریگیڈیئر طاہر غریب کو نمائندہ خصوصی نامزد کیا گیا۔
محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کے پہلے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان منشیات کے خلاف تعاون کو نئی جہت ملے گی۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ حالیہ عرصے میں مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 400 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 5 ٹن منشیات برآمد کی گئیں۔ ان کامیابیوں کو بروقت معلومات کے تبادلے اور مربوط حکمت عملی کا نتیجہ قرار دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنتھیٹک ڈرگز کی اسمگلنگ میں حالیہ اضافہ تشویشناک ہے، جس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان منشیات کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کی جنگ ہے، جس میں شکست کوئی آپشن نہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان نے انسداد منشیات کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ باہمی اشتراک کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ نئی نسل کو ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، وفاقی سیکریٹری داخلہ، اسپیشل سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹریز اور ڈی جی اے این ایف سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔