Get Alerts

سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی پشین میں کارروائی ،4 فتنہ الخوارج ہلاک

 سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی پشین میں کارروائی ،4 فتنہ الخوارج ہلاک

پشین :  بلوچستان کے ضلع پشین میں انسدادِ دہشت گردی کے ادارے (CTD) اور حساس اداروں نے مشترکہ خفیہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم "فتنہ الہندوستان" سے تعلق رکھنے والے 4 اہم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد بلوچستان میں دہشت گردی کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے، جن میں چمن روڈ پر فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ٹرک پر حملہ، پشین میں لیویز افسر کا قتل اور پولیس اہلکاروں پر مختلف حملے شامل ہیں۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا، جن میں دو کلاشنکوف رائفلیں، دو نائن ایم ایم پستول، دو دستی بم، ایک ڈیٹونیٹر، پریما کارڈ اور دیگر دھماکا خیز مواد شامل ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ مواد دہشت گردوں کی آئندہ ممکنہ کارروائیوں میں استعمال کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر دہشت گردوں یا ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا سکے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے جاری آپریشنز کا حصہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ صوبے میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔

ٹیگز: