لاہور:پاکستان کرکٹ میں کھلاڑیوں کے ریٹائرمنٹ کے سلسلے نے تیزی اختیار کر لی ہے۔ عثمان خان شنواری کے بعد اب ایک اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر وقاص مقصود نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
37 سالہ وقاص مقصود نے 2018 میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے واحد ٹی20 میچ میں دو وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان کو فتح دلانے میں مدد دی تھی۔ وقاص نے پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی، جہاں انہوں نے 20 میچوں میں 27 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل 9 ستمبر کو عثمان خان شنواری نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جنہوں نے پاکستان کی نمائندگی تین فارمیٹس میں کی تھی۔
گزشتہ ہفتے مڈل آرڈر بلے باز آصف علی نے بھی اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس سے پاکستان کرکٹ ٹیم میں تناؤ بڑھ گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ میں ان ریٹائرمنٹز نے ٹیم کی صلاحیت اور مستقبل پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔