راولپنڈی : بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران 3 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں 7 اگست سے جاری ہیں، جن کے دوران اب تک مجموعی طور پر 50 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے 7 سے 9 اگست کے دوران دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا اور سمبازہ میں سرچ و کلیئرنس آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ابتدائی دنوں میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، جس کے بعد علاقے میں وسیع پیمانے پر کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں مزید 14 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جب کہ تیسرے مرحلے میں 3 بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
سکیورٹی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی ادارے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، سمبازہ اور گرد و نواح میں تاحال کلیئرنس آپریشن جاری ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔