لاہور : دنیا بھر میں آج 12 اگست کو عالمی یوم نوجوان کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ نوجوان نسل کو ملک و قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ سمجھا جاتا ہے اور اس دن کا مقصد نوجوانوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
اقوام متحدہ نے 1999 میں 12 اگست کو نوجوانوں کا عالمی دن مقرر کیا تھا، جسے 2000 سے ہر سال ایک مختلف تھیم کے تحت منایا جا رہا ہے۔ اس دن نوجوانوں کے چیلنجز پر توجہ مرکوز کرنے اور ان کے حقوق و مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
دنیا کے ہر چار نوجوانوں میں سے ایک غربت کا شکار ہے اور ہر پانچواں نوجوان روزگار سے محروم ہے۔ پاکستان، جو دنیا کا چھٹا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، یہاں تقریباً 40 فیصد نوجوان غیر تعلیم یافتہ ہیں۔ اس لیے نوجوانوں کو تعلیم، صحت، اور دیگر مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا بہت ضروری ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
عالمی یوم نوجوان نوجوانوں کے مؤثر کردار کو تسلیم کرنے اور انہیں مکمل سہولیات فراہم کرنے کا دن ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں اور ملک و قوم کی ترقی کا باعث بنیں۔