لاہور : صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں جیسے لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، ڈیوس روڈ، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، اسلامپورہ، چوبرجی، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، مسلم ٹاؤن، گلبرگ، گلشن راوی اور کاہنہ میں بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہوا نے گرمی اور حبس کی شدت کو کم کر دیا، جس سے شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔ گرمی اور گھٹن سے پریشان عوام نے بارش کو قدرت کا تحفہ قرار دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔