Get Alerts

پاکستان اور امریکہ کے بڑھتے تعلقات سے بھارت پریشان، برطانوی جریدے کی رپورٹ

پاکستان اور امریکہ کے بڑھتے تعلقات سے بھارت پریشان، برطانوی جریدے کی رپورٹ

لندن : برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ غیر متوقع سفارتی بہتری نے بھارت کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے، جو کئی اہم ملاقاتوں اور رابطوں کا نتیجہ ہے۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے رواں سال دو بار امریکا کے اہم دورے کیے۔ حالیہ دورے میں وہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا کی ریٹائرمنٹ تقریب میں شریک ہوئے، جبکہ جون میں انہوں نے  صدر ٹرمپ کے ساتھ دو گھنٹے طویل نجی ملاقات بھی کی۔ یہ ملاقات بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے صرف ایک ماہ بعد ہوئی تھی، جس سے اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔

فنانشل ٹائمز نے لکھا کہ یہ سب کچھ اس لیے بھی حیران کن ہے کیونکہ ٹرمپ ماضی میں پاکستان پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں، مگر اب حالات بدل چکے ہیں۔

ایشیا پیسیفک فاؤنڈیشن کے سینیئر تجزیہ کار مائیکل کوگل مین نے اس پیشرفت کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ٹرمپ جیسے غیر روایتی صدر کے ساتھ تعلقات بنانے کا ہنر خوب سیکھ لیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے یہ سفارتی کامیابی ایک مربوط حکمت عملی کے تحت حاصل کی، جس میں دہشتگردی کے خلاف تعاون، توانائی، معدنیات اور کرپٹو کرنسی جیسے شعبوں میں معاہدے، اور صدر ٹرمپ کے کاروباری نیٹ ورک تک رسائی جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔

ٹیگز: