اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 6 اور 10 مئی کے واقعات کے بعد پاکستان نے ایک نئی شناخت کے ساتھ خود کو منوایا ہے، اور اب کوئی بھی دشمن ہماری سرزمین یا وسائل پر نظر ڈالنے کی جرات نہیں کرسکتا۔
یومِ نوجوانان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ میں وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جن کے نوجوان باشعور ہوں۔ انہوں نے تحریک پاکستان میں قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور کہا کہ ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول اقلیتیں بھی اس جدوجہد میں شامل تھیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر بتایا کہ پاک فضائیہ نے 6 بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرایا، جن میں 4 جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ ان کے مطابق، 6 اور 10 مئی کے بعد پاکستان ایک نئے جذبے اور طاقت کے ساتھ دنیا کے سامنے آیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور دشمن کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جو وہ کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاک افواج نے 10 مئی کو دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا، اور بھارت کی عسکری برتری کا دعویٰ بری طرح زمین بوس ہو گیا۔