لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے قائم مقام امریکی سفیر نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں تعلیم کے فروغ، سکیورٹی، سرمایہ کاری، توانائی اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سکیورٹی، آرٹی فیشل انٹیلی جنس، ڈیجیٹل اثاثوں اور توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے رابطے مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
مریم نواز نے پنجاب میں تعلیم، ٹیکنالوجی اور معاشی ترقی کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
ملاقات میں پنجاب کو سیلاب اور سموگ جیسے موسمی و ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس حوالے سے جدید سائنسی طریقوں اور ماہرین کی معاونت سے استفادہ کرنے پر گفتگو ہوئی۔
قائم مقام امریکی سفیر نٹالی اے بیکر نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ دونوں جانب سے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ منصوبوں کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔