کراچی: ملک بھر میں سونے کے نرخ ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا 4 ہزار 200 روپے مہنگا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق اضافے کے بعد 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 63 ہزار 936 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کے نرخ میں بھی 3 ہزار 601 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 97 ہزار 750 روپے ہوگئی۔
سونے کی قیمتوں میں تازہ اضافے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹ میں قیمتی دھات کے نرخ بلند سطح پر پہنچ گئے ہیں، جس سے سونے کے زیورات خریدنے والے صارفین پر بھی اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج مسلسل تیسرے روز قیمتی دھات کے نرخ بڑھے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک فیصد بڑھ کر 4,432.74 ڈالر فی اونس ہوگئی، جو 5 جون کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے کی بلند ترین سطح ہے۔
امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت میں بھی 1.7 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 4,492.60 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں دیگر قیمتی دھاتوں کے نرخ بھی بڑھے۔ چاندی کی قیمت 0.9 فیصد اضافے سے 66.30 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.7 فیصد بڑھ کر 1,765.26 ڈالر جبکہ پیلاڈیم 0.8 فیصد اضافے کے بعد 1,394 ڈالر فی اونس ہوگیا۔