'بل پاس نہیں ہوا تو الیکشن ملتوی کرانے کی سازش کامیاب ہو جائے گی'

'بل پاس نہیں ہوا تو الیکشن ملتوی کرانے کی سازش کامیاب ہو جائے گی'

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیوں کیلئے 5 سے 6 ماہ درکار ہیں اس لئے ضروری ہے کہ سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا بل جلد از جلد پاس ہو۔ قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے مردم شماری کے قانون سے اتفاق کیا لیکن سینیٹ میں ہچکچاہٹ کیوں ہے۔ کیا سینیٹ میں پی پی پی مختلف ہے یا تحریک انصاف کوئی اور ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا بل جلد پاس نہ ہوا تو ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہوں گے کہ سیاسی جماعتیں الیکشن کے التوا میں کردار ادا کر رہی ہیں اور طویل دورانیے کے نگران سیٹ اپ کا آلہ کار بن رہی ہیں ۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ یہ 2013 والا پاکستان نہیں ہے اور آج بجلی بحران پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ دہشت گردی کی کمر توڑ دی گئی ہے کیونکہ کراچی میں امن بحال ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہو گی ۔ خواہ ان کا تعلق کسی سے بھی ہو جبکہ بیرون ملک فرار مطلوب ملزمان کی حوالگی کیلئے متعلقہ ممالک سے رابطہ کیا جائے گا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ تمام ادارے ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے دشمن ملک میں سیاسی عدم استحکام چاہتے ہیں اور جمہوری قوتوں کو پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے ۔ ہم سب کو مل کر کراچی کو پرامن اور ملک کا اقتصادی انجن بنانا چاہیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں