وزیراعظم کا شہریوں کی 2 لاکھ 38 ہزار شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم 

وزیراعظم کا شہریوں کی 2 لاکھ 38 ہزار شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ سال کی حل شدہ 15 لاکھ شکایات میں سے 2 لاکھ 38 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیدیا ہے جس پر نظرثانی کی نگرانی متعلقہ چیف سیکرٹریز اور آئی جی کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے شہریوں کی شکایات سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے اور گزشتہ سال کی حل شدہ 15 لاکھ شکایات میں سے 2 لاکھ 38 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں نظرثانی کیلئے مجاز اعلیٰ افسران کے حوالے کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ 
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ان شکایات کی صوبائی سطح پر نظرثانی کی نگرانی متعلقہ چیف سیکرٹری و آئی جی کریں گے جبکہ وفاقی سطح پر شکایات پر نظرثانی کی ذمہ داری متعلقہ وزارت کے سیکرٹری کی ہو گی۔ 
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہوزیراعظم نے وفاقی اداروں کی کل ایک لاکھ 7 ہزار شکایات کو بھی دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے جن میں صوبائی سطح پر80 ہزار شکایات حکومت پنجاب کے ماتحت اداروں کی ہیں۔ 
وزیراعظم آفس کے مطابق خیبر پختونخواہ کے ماتحت اداروں کی 27 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ صوبہ سندھ کی 15 ہزار، بلوچستان کی 3 ہزار اور آزاد کشمیر کی 1100 شکایات پر نظر ثانی کی جائے گی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں 400 شکایات کودوبارہ کھولا جائے گا جبکہ یہ شکایات میونسپل سروسز، بجلی و گیس، مواصلات اور شعبہ تعلیم سے متعلق ہیں۔ متعلقہ افسران شکایات پر نظر ثانی کر کے رپورٹ جمع کروائیں گے۔ 

مصنف کے بارے میں