کویت سٹی: کویت حکومت نے ملک کے 65ویں قومی دن اور 35ویں یومِ آزادی کے تاریخی موقع پر سرکاری ملازمین کے لیے چار روزہ مسلسل تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، کویتی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں ان اہم قومی مواقع کی مناسبت سے عام تعطیل کی منظوری دی گئی۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق 25 اور 26 فروری (بدھ اور جمعرات): یومِ آزادی اور قومی دن کی مناسبت سے عام تعطیل ہوگی چونکہ کویت میں جمعہ اور ہفتہ باقاعدہ ہفتہ وار چھٹیاں ہوتی ہیں، اس لیے ملازمین کو مسلسل 4 دن کا آرام میسر آئے گا۔
تمام سرکاری وزارتوں، محکموں اور عوامی اداروں میں کام کا باقاعدہ آغاز اتوار یکم مارچ سے ہوگا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی، صحت اور دیگر حساس شعبوں سے وابستہ وہ ادارے جہاں کام کی مسلسل ضرورت رہتی ہے، اپنی تعطیلات کا شیڈول خود ترتیب دیں گے۔ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ طویل چھٹیوں کے دوران عوامی مفاد کی اہم خدمات میں کوئی تعطل پیدا نہ ہو۔
یہ تعطیلات کویت کی ملکی تاریخ کے دو اہم ترین سنگِ میل یعنی 65ویں قومی دن اور 35ویں یومِ آزادی کی یاد میں منائی جا رہی ہیں، جس کے لیے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تقریبات کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔