Get Alerts

پاک بھارت ٹاکرا: کولمبو میں جنون عروج پر، مگر بارش کے خطرے نے شائقین کی نیندیں اڑا دیں

پاک بھارت ٹاکرا: کولمبو میں جنون عروج پر، مگر بارش کے خطرے نے شائقین کی نیندیں اڑا دیں

کولمبو : روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے کا بخار پوری دنیا پر چڑھ گیا ہے، مگر جہاں شائقین شدت سے میچ کا انتظار کر رہے ہیں، وہیں کولمبو کا موسم اور انتظامی مسائل رکاوٹ بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔کولمبو کا آر پریماداسا سٹیڈیم پاک بھارت جنون کے سامنے چھوٹا پڑ گیا ہے۔ سٹیڈیم کی 24 ہزار نشستوں کے لیے 80 ہزار سے زائد شائقین نے درخواستیں دے رکھی ہیں، جس نے لنکن انتظامیہ کو سخت امتحان میں ڈال دیا ہے۔ ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے ہزاروں شائقین مایوس ہیں جبکہ بلیک مارکیٹ میں قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔
اس ہائی وولٹیج میچ نے سری لنکا میں سیاحت اور سفری اخراجات کو آگ لگا دی ہے۔کولمبو کے لیے فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے۔شہر کے ہوٹل پہلے ہی مکمل بک ہیں اور جو کمرے دستیاب ہیں ان کے کرائے عام دنوں کے مقابلے میں کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔دوسری جانب، شائقین کی امیدوں پر پانی پھرنے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ سری لنکن محکمہ موسمیات نے 15 فروری کو کولمبو میں طوفانی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
 اگر بارش کی وجہ سے کھیل ممکن نہ ہو سکا اور میچ منسوخ کرنا پڑا، تو آئی سی سی قوانین کے تحت دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ تقسیم کر دیا جائے گا۔انتظامیہ اور شائقین اب صرف دعاگو ہیں کہ بادل چھٹ جائیں اور کرکٹ کی دنیا کا یہ سب سے بڑا مقابلہ مکمل طور پر دیکھنے کو ملے۔

ٹیگز: