Get Alerts

دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا: پاک  ،بھارت 'ہائی وولٹیج' مقابلہ کل،  جنون عروج پر

دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا: پاک  ،بھارت 'ہائی وولٹیج' مقابلہ کل،  جنون عروج پر

کولمبو: دنیائے کرکٹ کی دو بڑی طاقتیں، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کل کولمبو کے میدان میں آمنے سامنے ہوں گی۔ چھوٹے فارمیٹ کے اس سب سے بڑے مقابلے کے لیے شائقین کا جوش و خروش دیدنی ہے اور بس ایک دن کے انتظار کے بعد چوکوں اور چھکوں کی برسات متوقع ہے۔
میچ کی اہمیت کے پیشِ نظر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کولمبو پہنچ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محسن نقوی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار جے شاہ کے ایک ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھنے کا قوی امکان ہے، جسے 'کرکٹ ڈپلومیسی' کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ محسن نقوی میچ سے قبل قومی اسکواڈ سے ملاقات کر کے کھلاڑیوں کا مورال بلند کریں گے۔
میگا مقابلے کے لیے کولمبو میں غیر معمولی گہما گہمی ہے۔ میچ کی تمام ٹکٹیں ہفتوں پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں، شہر کے ہوٹل مکمل طور پر بھر گئے ہیں اور کمروں کے کرائے آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔ تاہم، شائقین کے لیے پریشان کن خبر بارش کی ہے، جس نے بھارتی ٹیم کا ٹریننگ سیشن بھی متاثر کیا اور کل کے میچ پر بھی بارش کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔
قومی کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ہر صورتحال کے لیے تیار ہیں، اگر بارش کی وجہ سے اوورز کم ہوئے تو اس کا بھی پلان بنا رکھا ہے۔" انہوں نے اسپنر عثمان طارق کو اپنا 'ٹرمپ کارڈ' قرار دیا، جن کا منفرد باؤلنگ ایکشن بھارتی بیٹنگ لائن کے اعصاب پر سوار ہے۔ بابر اعظم کی فارم پر بات کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ ان کا رنز بنانا ٹیم کے لیے خوش آئند ہے اور وہ بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں۔
دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے عثمان طارق کو ایک 'منفرد کرکٹر' تسلیم کیا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور ان کے خلاف پلان تیار ہے۔ میچ سے قبل روایتی 'ہینڈ شیک' کے سوال پر بھارتی کپتان نے نفسیاتی برتری برقرار رکھتے ہوئے جواب دیا کہ "ہینڈ شیک کے لیے 24 گھنٹے انتظار کریں، کل میدان میں دیکھیں گے۔
سٹار بیٹر بابر اعظم نے اپنے تجربے کا نچوڑ بتاتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت میچ ایک مختلف لیول کا ہوتا ہے، یہاں کھلاڑی خود کو جتنا پرسکون رکھیں گے، کارکردگی اتنی ہی بہترین ہوگی۔پاکستان بھر میں بچے، بوڑھے اور خواتین ٹیم کی فتح کے لیے پرامید ہیں اور ہر طرف بھارت کے خلاف بڑی جیت کی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کل کولمبو کے میدان میں قسمت کی دیوی کس پر مہربان ہوتی ہے۔

ٹیگز: