Get Alerts

ایشیا کپ 2025: دبئی میں پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا آج ہوگا

ایشیا کپ 2025: دبئی میں پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا آج ہوگا

دبئی :  ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کا سب سے بڑا اور ہائی وولٹیج مقابلہ آج دبئی میں کھیلا جائے گا، جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

دونوں ٹیمیں مکمل تیاری اور بلند حوصلوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ یہ رواں سال کے دوران دونوں ٹیموں کا پہلا آمنے سامنے مقابلہ ہے، جبکہ چھ ماہ کے اندر یہ دوسرا ٹاکرا ہوگا۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی میں مدمقابل آ چکی ہیں۔

پاکستانی شائقین کو فخر زمان، صائم ایوب، سلمان آغا اور حارث رؤف سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے شبمن گل، سوریا کمار یادیو اور جسپریت بمراہ ٹیم کی کامیابی کے اہم ہتھیار سمجھے جا رہے ہیں۔

حالیہ کارکردگی کے لحاظ سے دونوں ٹیمیں اچھی فارم میں ہیں۔ بھارت نے اپنے گزشتہ میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو ہرا کر تین ملکی سیریز اپنے نام کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ میں اب تک 19 میچز ہو چکے ہیں، جن میں بھارت نے 10 اور پاکستان نے 6 فتوحات حاصل کی ہیں۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری کامیابی 2022 میں حاصل کی تھی۔

بھارت اب تک 8 بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن چکا ہے، جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز 2 بار اپنے نام کیا ہے۔

گزشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی بلے باز صائم ایوب نے کہا کہ:“قومی ٹیم بڑے مقابلے کے لیے مکمل تیار ہے، پاک بھارت میچ لوگوں کے لیے بڑا ہوتا ہے لیکن ہم ہر میچ کو ایک جیسی اہمیت دیتے ہیں۔ اگر کسی کھلاڑی کی پرفارمنس نہ بھی ہو تو وہ ایک بڑا میچ جتوا کر ٹیم کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔ وکٹ خشک ہے، اس لیے پہلے بیٹنگ کرنا بہتر فیصلہ ہوگا۔”
پاکستانی شائقین کرکٹ نے بھارت کے خلاف میچ سے بڑی امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔ شائقین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم مکمل فارم میں ہے اور امید ہے کہ وہ آج ایک یادگار فتح حاصل کرے گی۔

ٹیگز: